اسلام آباد (امت نیوز )فیصل واوڈا کے خطاب کے بعد اپوزیشن قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئی۔ وزیر آبی وسائل کو ایوان میں تقریر کرنے کی اجازت ملی تو قائد حزب اختلاف شہباز شریف اپنی نشست سے اٹھے اور کہا کہ میں گالی گلوچ پر یقین نہیں رکھتا ،اس لیے ایوان سے جا رہا ہوں ۔اس پرا سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آپ تشریف رکھیں میں نے کوئی گالی نہیں سنی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے گالیاں سنی ہیں۔اس کے ساتھ ہی قائد حزب اختلاف احتجاجاً ایوان سے چلے گئے جس کے ساتھ ہی اپوزیشن کے دیگر ارکان بھی واک آؤٹ کر گئے ۔فیصل ووڈا نے شہباز شریف کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے جو پہلا ردعمل دیا وہ یہ تھا کہ مسلم لیگ(ن) کل تک تو ’خلائی مخلوق‘ کی بات کرتی تھی اب ’’بات سپہ سالار تک چلی گئی ہے‘‘۔ انہوں نے شہباز شریف کی طرف سے آرمی چیف کی تعریف پر حیرت کا اظہار کیا۔