کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی تیاریاں عروج پر ہیں ۔ اسی سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم جو کہ گزشتہ سال بحالی کے مرحلے سے گزرا تھا اب اسکے دوسرے فیز میں انکلوڑر کی چھت لگانے کے لیے غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم نے اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔بتایا جارہاہے کہ ملائیشیا کی ملٹی میڈیا انجینئرنگ نامی کمپنی کے انجینئرز اس کام کو دو مرحلوں میں طے کریں گے، پہلے مرحلے میں جاوید میانداد انکلوڑر سے لے کر نسیم الغنی انکلوژر تک کی چھت نصب کی جائے گی۔دوسرے مرحلے میں حنیف محمد انکلوژر سے لے کر اقبال قاسم انکلوژر تک کی چھت کی تنصیب کی جائے گی۔غیر ملکی انجینئرز کی ٹیم چار لاکھ اسکوائر میٹر ٹیفلون فیبرک کی چھت کی تنصیب کا کام ایک سے دو روز میں شروع کرے گی ، غیرملکی انجینئرنگ ٹیم کو میڈیا کوریج سے دور رکھا گیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے پانچ میچز سات سے سترہ مارچ تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوں گے۔
٭٭٭٭٭