کراچی(اسٹاف رپورٹر )ڈی جی کالجز نے قادیانیت کا پرچار کرنے والی لیکچرر کے خلاف 3رکنی کمیٹی قائم کردی ہے ،گریڈ 20کی پرنسپل کو کمیٹی کا چیئرپرسن مقرر کردیا گیا ہے ۔ کمیٹی انکوائری کے بعد 7روز میں رپورٹ جمع کرائے گی ۔‘‘امت’’ کو حاصل ہونے والی آفس آرڈر نمبر DGCS/DI/026/2019 کے مطابق سیکریٹری تعلیم کالجز پرویز سیہڑ کے حکم پر ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسر محمد سلیم غوری کی جانب سے گزشتہ رو ز 3رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔ آفس آرڈر کے مطابق گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج نارتھ کراچی الیون آئی میں لیکچررمبشرہ طاہر کی جانب سے مبینہ طورپر قادیانی ازم کا پرچار کرنے کے حوالے سے حقائق کی آگاہی کے لئے انکوائری کی جائے ۔اس کمیٹی میں گریڈ 20کی سینئر پروفیسر اور سرسید گورنمنٹ گرلز کالج کی پرنسپل پروفیسر خالدہ پروین کو اس کا چیئرپرسن ،جبکہ ممبران میں گریڈ19کے سینئر افسر اور ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز کے ڈائریکٹر انسپکشن پروفیسر مراد علی راہموں ،ریجنل ڈائریکٹوریٹ کالجز کی ڈپٹی ڈائریکٹر انسپکشن پروفیسر ساجدہ پروین کو ممبر بنایا گیا ہے ۔ ڈی جی کے حکم کے مطابق مذکورہ کمیٹی 7روز میں اپنی انکوائری مکمل کرکے سفارشات ڈائریکٹر جنرل کالجز اور سیکرٹری کالجز کو پیش کرے گی ۔کمیٹی کو حکم دیاگیا ہے کہ وہ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج میں پرنسپل پروفیسر غزالہ جلیس ،وہاں کے دیگر اساتذہ اور طالبات سے ملیں اور اس کے بعد ان کے بیانات کو قلمبند کریں اور اپنی رپورٹ دیں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل ہی ریجنل ڈائریکٹوریٹ کالجزسمیت قانون نافذ کرنےو الے اداروں اور بعض مذہبی تنظیموں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی جانب سے کالج میں پرنسپل ، اساتذہ اور طالبات سے معلومات حاصل کی جاچکی ہیں ۔معلوم رہے کہ مذکورہ لیکچرار مبشرہ طاہر کو سیکرٹری کالجز کے دفتر میں رپورٹ کرایا گیا ہے ۔