ابراہیم حیدری ۔گلشن اقبال میں لاکھوں کی روئی ۔پلاسٹک خاکستر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ابراہیم حیدری اورگلشن اقبال میں آتشزدگی سے لاکھوں کی روئی اورپلاسٹک خاکستر ہوگئی جبکہ جانیں بچانے کیلئے فیکٹری سے کود نے والے 2 مزدور زخمی ہوگئے ، فائر بریگیڈ کی 7گاڑیوں نے 6گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری میں کاٹن فیکٹری میں گذشتہ روز 11بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا فیکٹری مزدوروں نے جانیں بچانے کیلئے چھتوں اور کھڑکیوں سے کودنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں دو مزدو ر زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں تاہم آگ کی شدت دیکھتے ہوئے شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئیں جبکہ واٹر ہائیڈرینٹ پر بھی ہائی الرٹ کردیاگیا جس کے بعد واٹر ہائیڈرینٹ سے پانی لے کر 10سے زائد ٹینکر موقع پر پہنچ گئے ۔فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے 6گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے البتہ فیکٹری میں موجود لاکھوں روپے کی روئی جل گئی ۔کولنگ کا کام جاری ہے جس میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں علاوہ ازیں گلشن اقبال بلاک 4Aمسجد عمر بن خطاب کے قریب فائبر ٹینک کی دکان اور گودام میں شام 6بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی تاہم پلاسٹک کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کر لی جس پر مزید 2گاڑیاں اور واٹرٹینکر موقع پر پہنچ گئے ،ترجمان کے مطابق آگ پر ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا جبکہ آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا سامان اور دیگر اشیاء جل گئیں ۔

Comments (0)
Add Comment