مسماری کے بعد چڑیا گھر کے اطراف دکانوں کے کرائے میں اضافہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چڑیا گھر کے اطراف 400 سے زائد دکانوں کی مسماری کے بعد اطراف کے علاقوں میں قائم دکان داروں نے اپنی دکان کے کرایوں میں کئی گناہ اضافہ کر دیا ہے ،چڑیا گھر کے اطراف قائم مارکیٹ میں اسپیئر پارٹس،بیٹری چارج،آٹو پارٹس اور کھانے پینے کے ہوٹل سمیت 400 سے دکانیں قائم تھیں۔ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری محمد افضل کا امت سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چڑیا گھر کے اطراف دکانوں کی مسماری کے باعث دکانداروں سمیت 25 ہزار سے زائد افراد بے روزگار ہوئے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف گارڈن کے متاثرہ دکاندار اپنی دکانوں کی مسماری کے باعث پریشانی میں مبتلا ہیں وہیں دوسری جانب مارکیٹ کے اطراف کے علاقے میں موجود دکان مالکان نے اپنی دکانوں کے کرائے بھی بڑھا دیئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سے قبل جن دکانوں کا کرایا 5 سے 10 ہزار روپے وصول کیا جارہا تھا وہیں دکانیں اب 15 سے 20 ہزار روپے میں کرائے پر دی جا رہی ہیں جب کہ بڑی دکانوں کا کرایہ40 سے 50 ہزار روپے تک طلب کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے متاثرین پہلے ہی اپنا روزگار چھن جانے کی وجہ سے پریشان ہیں اور اب جو دکان دار اطراف کے علاقے میں نئے سرے سے اپنا کام شروع کرنا بھی چاہے توکرائے میں بے پناہ اضافے کے باعث کام نہیں کر سکتا۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment