مقبوضہ کشمیرمیں مجاہدین کی شہادت پر چوتھے روز بھی ہڑتال

لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں البدر مجاہدین کے کمانڈر زینت الاسلام اور شکیل احمد ڈار کو شہید کئے جانے کیخلاف گزشتہ روز مسلسل چوتھے دن شوپیاں و دیگر علاقوں میں ہڑتال کی گئی اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معطل رہی۔بھارتی فورسز نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند رکھی۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جوینائل جسٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شوپیاں میں ایک اور نابالغ کشمیری لڑکے کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ 14دنوں کے دوران تیسری مرتبہ اس ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رواں سال11جنوری کو ایک اور نابالغ لڑکے کو شوپیاں کے علاقے ترال سے گرفتار کیا ہے۔کشمیری لڑکے کی مسلسل پولیس اسٹیشن میں نظربندی سے بھارتی پولیس کی طرف سے نابالغوں کی گرفتاری سے متعلق ایس او پی پر کئی سوالات اٹھ گئے ہیں۔ یہ پہلا واقعہ نہیں جب بھارتی پولیس نے کسی نابالغ کشمیری لڑکے کو گرفتار کیا ہے اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ جوینائل جسٹس ایکٹ 2013ء کے تحت پولیس کی طرف سے کسی بھی نابالغ کی گرفتاری کے فوراً بعد اسے خصوصی جوینائل پولیس یونٹ کے حوالے یا کسی نامزد پولیس افسر کی زیر نگرانی رکھا جانا چاہیے جو 24گھنٹوں کے اندر اسے جوینائل بورڈ کے سامنے پیش کرے۔ قانون میں کسی بھی نابالغ کو پولیس اسٹیشن یا جیل میں رکھنے کی ممانعت کی گئی ہے۔ البدر مجاہدین کے کمانڈر زینت الاسلام اور شکیل احمد ڈار کی شہادت کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔

Comments (0)
Add Comment