کراچی(رپورٹ: محمد نعمان اشرف)میونسپل کمشنر غربی نے اورنگی ٹاؤن کے فیملی پارک میں ڈانس پارٹی کرا دی ،مسجد اور امام بارگاہ کی انتظامیہ فحاشی رکوانے کے لیے ڈی ایم سی غربی کی منت سماجت کرتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع غربی کی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ ایک طرف ضلع غربی میں سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں غریب دکانداروں کی دکانیں مسمار کی جارہی ہیں تو دوسری جانب انتظامیہ پارکوں پر فیسٹیول اور شادیاں کروارہی ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق پارک پر کسی قسم کی تجاوزات سمیت دیگر کاموں کی اجازت نہیں دی جائے گی ، تاہم ضلع غربی کے میونسپل کمشنر عمران اسلم نے تمام احکامات ہوا میں اڑا دیئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز اورنگی پونے پانچ نمبر کے پارک میں سجاد نامی شخص کی شادی تھی۔ دوپہر کے اوقات میں ہی پارک میں کرسیاں،میزیں اور دیگر چیزیں پہنچادی گئی تھیں ، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ مذکورہ معاملے پر مکینوں نے قریبی پولیس اسٹیشن اورنگی تھانے میں بھی شکایت درج کروائی تاہم پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پارک کے اطراف ہی جامع مسجد اور ایک امام بارگاہ بھی موجود ہے۔ رات 12بجے کے بعد پارک میں ڈانس پارٹی شروع کی گئی جس پر مکینوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی اور صارفین نے میئرکراچی وسیم اختر سمیت ضلع غربی کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، صارفین کا کہنا تھا کہ میئرکراچی ایک طرف تو سپریم کورٹ کے حکم کو جواز بنا کر شہر کو تباہ کررہے ہیں ۔ دوسری جانب پارکوں پر ڈانس پارٹیوں کا نوٹس نہ لینا میئرکراچی کی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے۔ مذکورہ معاملے پر ‘‘امت ’’کو یوسی 15کے وائس چیئرمین جلیل شمسی نے بتایا کہ رات 1بجے تک امام بارگاہ کے متولی کا فون میری پاس آیا جس پر انہوں نے مجھے شکایت کی کہ پارک میں ساؤنڈ سسٹم بجنے کے باعث عبادت میں خلل اور مسجد کی بے حرمتی ہورہی ہے ، لہذا اس معاملے کو فوری طور پر دیکھا جائے۔ جلیل شمسی نے بتایا کہ اس معاملے پر میں نے اورنگی تھانے کے چوکی انچارج وحید سے رابطہ کیا ، تاہم انہوں نے بات سننے کے بعد کوئی ایکشن نہیں لیا ، جس پر میں نے ضلع غربی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پارک وقار سے رابطہ کیا تو وقار نے بتایا کہ پارک میں شادی کی اجازت میونسپل کمشنر کی اجازت کے بعد ہی دی ہے ۔ لہذا ان سے بات کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے روز مسجد اور امام بارگاہ کی انتظامیہ شدید غم و غصے کا شکار تھی ، جس پر میں نے ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد کو ایک درخواست لکھی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ فیملی پارک میں غیر اخلاقی قسم کا ڈانس کیا گیا، جس پر علاقہ مکین سمیت مسجد وامام بارگاہ کی انتظامیہ بھی شدید پریشان ہے ، انہوں نے درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ معاملے پر فوری کارروائی کی جائے۔ ‘‘امت ’’نے ضلع غربی کے ڈپٹی ڈائریکٹر وقار سے رابطہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارک میں شادی کی اجازت منسوخ کردی تھی جس پر شہری نے میونسپل کمشنر سے فون پر رابطہ کیا تو انہوں نے پارک میں شادی کی اجازت دی، اس معاملے پر یوسی 15کے چیئرمین حاجت خان کا کہنا ہے ایم این اے کو شکایت درج کروادی ہے تاہم پارک میں ڈانس کی اجازت ڈی ایم سی غربی کی انتظامیہ نے دی ہے۔