کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ کے رہنما فاروق ستار کے گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے اشرف علی ایڈووکیٹ نے متحدہ بہادر آباد کےایم این اے کنور نوید، میئر کراچی وسیم اختر اور خواجہ اظہار کے خلاف سٹی کورٹ تھانے درخواست جمع کرادی ۔ درخواست میں اشرف علی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ 2018 کے عام انتخابات میں این اے 246 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا، 6 جنوری 2019 کو فاروق ستار گروپ کی حمایت کا اعلان کیا، فاروق ستار گروپ میں شمولیت کے بعد میئر کراچی کی بھتہ خوری اور کالے کرتوں کے خلاف آواز اٹھائی، ایم کیو ایم بہادر آباد کے کچھ دوستوں سے پتہ چلا کہ آٹھ جنوری کو بہادر گروپ کی ایک میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں ایم این اے کنور نوید، خواجہ اظہار اور وسیم اختر موجود تھے، تینوں کی جانب سے میرے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے گئے، بہادر آباد گروپ کے سربراہ عامر خان نے ڈیتھ وارنٹ کی مخالفت کی، مجھے معلومات ملی ہیں کہ سٹی کورٹ میں کچھ لوگ میری معلومات اور میری بوری کا سائز پوچھ رہے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے تحفظ فراہم کیا جائے، اگر میں مار دیا جاؤں تو قتل کی ایف آئی آر وسیم اختر، خواجہ اظہار اور کنور نوید کے خلاف درج کی جائے۔.
٭٭٭٭٭