”بھارت نے کمزور آسٹریلوی ٹیم پر ہاتھ صاف کیا“

لاہور(خبر ایجنسی ) سابق قومی کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اگرچہ طویل فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بھی بہت اچھی نہیں لیکن وہ بھی آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیت سکتی ہے کیونکہ حالیہ برسوں میں آسٹریلیا کی اس جیسی کمزور ترین ٹیم دیکھنے میں نہیں آئی۔ایک انٹر ویو کے دوران محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی ٹیم کی قدرو قیمت کم نہیں کرنا چاہتے جس نے شاندار کارکردگی پیش کی لیکن انہوں نے آسٹریلیا کی اتنی کمزور ٹیم پہلے کبھی نہیں دیکھی۔سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کا کارنامہ کسی طرح بھی کمتر نہیں کہا جا سکتا جس نے سیریز جیتنے کیلئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اس حقیقت کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا کہ جب گزشتہ سیریز میں UAE کے میدانوں پر پاکستان نے آسٹریلیا کو0-1سے ہرایا تو انہیں قطعی کوئی حیرانگی نہیں ہوئی تھی کیونکہ موجودہ آسٹریلین ٹیم میں اتنی جان ہی باقی نہیں رہی ہے۔محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا جانے کا موقع ملے تو انہیں کوئی شک نہیں کہ اس کا بھی پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے کا سنہری چانس ہے۔

Comments (0)
Add Comment