امریکی صحافتی تنظیم کا گرفتار کشمیری صحافی کی رہائی کا مطالبہ

لاہور(نمائندہ امت)امریکہ میں قائم صحافیوں کے حقوق اور صحافتی آزادی کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیم ” کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس“ نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری صحافی آصف سلطان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ بھارتی فورسز نے سری نگر سے شائع ہونے والے اخبار ” کشمیر نریٹر “ سے وابستہ آصف سلطان کو ممتاز نوجوان رہنما شہید برہان مظفر وانی کے حوالے سے ایک مضمون لکھنے کی پاداش میں گزشتہ برس 27اگست کو گرفتار کیا تھا۔ ’ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس“نے کہا ہے کہ اسے گو کہ اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ کشمیر کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے لیکن کسی کے حوالے سے کوئی تحریر رقم کرنا یا کسی سے انٹرویو لینا ایک صحافی کے دائرے کار میں آتا ہے اور یہ کوئی جرم نہیں ۔ کسی ضروری معاملے کے حوالے سے رپورٹنگ کرنا کوئی جرم نہیں بلکہ ایک عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کشمیر میں ایک خطرناک ماحول میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور تنظیم کو علاقے میں پریس کی آزادی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔ بیان میں مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آصف سلطان کی فوری رہائی اور ان پر لگائے گئے الزامات ختم کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔

Comments (0)
Add Comment