حب( نمائندہ امت ) بلوچ عوامی موومنٹ کے مرکزی صدر ڈاکٹر مبارک علی بلوچ نے کہا کہ کراچی بلوچوں کا خطہ ہے جس کو ایک سازش کے تحت بلوچستان سے الگ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لیاری میں عبدالشکور سربازی کی سربراہی میں شمولیت کرنے والے امیر بلوچ، محمد امین بلوچ، محمد فاروق بلوچ، فرید بلوچ، عبدالماجد بلوچ، محمد یونس بلوچ، محمد طارق بلوچ کے وفد سے خطاب کے دوران کررہے تھے۔ انہوں نےکہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی سمیت تمام وفاقی پارٹیاں بلوچ قوم کی مرہون منت ہیں۔ اس موقع پرمرکزی کمیٹی کے رکن و سابق سینیٹر منظوراحمدگچکی نے کہا کہ کراچی حقیقتاً بلوچستان کا خطہ ہے جسے ون یونٹ کے بعد سندھ میں شامل کرکے بلوچوں کو بلوچستان سے دور کرنے کی ناکام سازش کی گئی۔اس موقع پر مرکزی صدرڈاکٹر یونس میروانی، سیکریٹری جنرل شہباز طارق بلوچ ایڈووکیٹ،سیکریٹری اطلاعات ونشریات نواز علی برفت، لیبرسیکریٹری اسرار حکیم زہری، عبدالشکور سربازی ودیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شمولیتی پروگرام میں مرکزی کمیٹی کے اراکین پروفیسر غنی طارق بلوچ، واجہ عصمت عزیز بلوچ، نثاردلمرادبلوچ، سید غلام مصطفٰی شاہ اور مرکزی کونسلر بابوغلام حیدربلوچ بھی شریک تھے۔