6ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری77فیصد کم ہوگئی-اسٹیٹ بینک

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مالی سال 19-2018 کی پہلی ششماہی میں یکم جولائی سے 31 دسمبر کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، گزشتہ 6ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری 3 ارب ڈالر تک کم ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جولائی تا دسمبر کے دوران 90کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 3ارب 95کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ابتر معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پرائم منسٹر ہاؤس میں ’بزنس ڈیسک‘ قائم کیا ہے جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سہولیات دینے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

Comments (0)
Add Comment