پی آئی اے پروازوں میں قصیدہ بردہ شریف پڑھا جائے گا

اسلام آباد/کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے قومی ائیرلائن کی تمام پروازوں میں مسافروں کو قصیدہ بردہ شریف سنانے کا حکم دے دیا۔پی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قصیدہ بردہ شریف کی آڈیو بورڈنگ کے وقت ملکی و بین الاقوامی پروازوں میں چلائی جائے گی۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی جدہ اور مدینہ منورہ کی پروازوں پر قصیدہ بردہ شریف 2 بار سنایا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جدہ اور مدینہ کی پروازوں پر بورڈنگ کے علاوہ ٹیکسی کے وقت بھی قصیدہ بردہ شریف چلایا جائے گا۔ علاوہ ازیں پی آئی اے کے عملے نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈومیسٹک فلائٹ کو انٹرنیشنل اسٹینڈ میں پارک کرادیا۔ پرواز پی کے351پشاور سے کراچی پہنچی تھی، پی آئی اے کے جی او سی نے ڈومیسٹک کے بجائے انٹرنیشنل طیارے کو پارک کرادیا، طیارہ پندرہ منٹ تک اسٹینڈ پر کھڑا رہا۔اس دوران نہ مسافروں کو اتارنے کیلئے سیڑھی بھیجی گئی اور نہ بسوں کا کوئی انتظام کیا گیا، طیارے کے اے پی یو خراب ہونے کی وجہ سے طیارے میں حبس ہوگیا تھا۔ا س موقع پرمسافروں کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا، طیارے کے کپتان نے عملے کی غفلت اور طیارہ غلط پارک کرانے پر ڈی بریف سی ای او کو روانہ کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق ایک ہفتے کے دوران اس طرح کا یہ تیسرا واقعہ پیش آیا ہے، پائلٹ کا کہنا تھا کہ سچویشن روم کو بتانے کے باوجود عمل درآمد نہیں ہوا۔

Comments (0)
Add Comment