جماعت اسلامی انتخابی دائرے تک محدود نہیں- حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی صرف انتخابی دائرے تک محدود نہیں یہ ایک نظریہ اور تحریک ہے ، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے ظلم و ناانصافی اوور بلنگ و لوڈ شیڈنگ، نادرا کے نارواسلوک ، پانی کی قلت اور بلدیاتی معاملات سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے مثالی جدوجہد اور کراچی کے عوام کی بھرپور ترجمانی کی ہے ،جماعت اسلامی عوام میں آج بھی موجود ہے اور عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ جماعت اسلامی کا مؤقف عوام تک پہنچانے کے لیے میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔صدر مملکت اور گورنر سندھ سمیت موجودہ حکومت کے مشیر اور وزرا کا تعلق کراچی شہر سے ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کو اس کا حق نہیں دیا جارہا ،70فیصد ریونیو دینے والے شہر کے ساتھ سوتیلے پن کاسلوک کیا جارہا ہے۔ 5فروری کشمیر ڈے کے حوالے سے شہر بھر میں مہم چلائی جائے گی اور حکمرانوں کو جھنجھوڑنے اور عوام کے کشمیریوں کے ساتھ محبت کے رشتے کو اجاگر اور مزید مستحکم و مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 5فروری کو حسن اسکوائر پر عظیم الشان ”کشمیر کنونشن “ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے۔ کنونشن میں بچے ، بوڑھے ، مرد ، خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ اطلاعات کے نئے دفتر میں منتقلی اور تزئین آرائش کے بعد افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبد الرشید ،نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر موجود تھے۔تقریب کا افتتاح تلاوت کلام پاک سے ہوا ، تلاوت حمزہ عالم صدیقی نے کی جبکہ سینئر صحافی واجد انصاری نے نعت رسول مقبول ؐ کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

Comments (0)
Add Comment