اسپتال چلاناوفاق کےبس کی بات نہیں۔ وزیرصحت سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ نیشنل انسٹیٹیو ٹ آف چائلڈ ہیلتھ جے پی ایم سی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یو ویسکولر ڈیزیز کو صوبے کے ماتحت واپس لانے کے لیے حکومت ِ سندھ عدالت میں نظر ثانی درخواست دائر کرنے کے لیے ماہرین ِ قانون سے مشاورت کر رہی ہے، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکو لر ڈیزیز کا بل منظور کردیا ہے، اس کا ہیڈ کواٹرسکھر میں بنایا جائے گا، جبکہ رواں سال سندھ بھر میں 40میں سے 31ٹراما سینٹر فعال ہوجائیں گے جو کراچی کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر کی طرز کے ہونگے، یہ بات انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائسنز کے ہجرت کالونی میں قائم ہونے والے دوسرے فیملی میڈیسن کلینک کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب اورصحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہی، ا س موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی، پرو وائس چانسلر ز پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور ، پروفیسر ڈاکٹر خاور سعید جمالی، ڈائریکڑ اسپورٹس ڈاؤ یونیوسٹی پروفیسر سید مکرم علی، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فیملی میڈیسن اسسٹنٹ پروفیسرانعم ارشد بیگ، ڈائریکٹر فنانس مسٹر ندیم شکور جویری سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز موجود تھے۔صوبائی وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ عدالت کے پیشِ نظر یقینا کوئی حکمتِ ہوگی، جبکہ سندھ حکومت سمجھتی ہے کہ اسپتال چلانا وفاق کے بس کی بات نہیں،جب امراض قلب اور امراض اطفال کے قومی ادارے اور جناح اسپتال صوبہ سندھ کے کنٹرول میں آئے ، ان کا انتظام بہترین ہوگیا، وفاقی حکومت کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہوتے جتنے ہم خرچ کر سکتے ہیں، 8ارب روپے سالانہ خرچ کر رہے ہیں، ہم سندھ کے عوام کی صحت کے متعلق فکر مند ہیں کہ وفاق اب کیسے ان اداروں کا انتظام چلائے گا،اب وفاق سے ہی کہیں گے جب تک کوئی نیا فیصلہ نہیں آتا رواں مہینے سے ہی ان اداروں کو سنبھالے ، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سمیت دیگر امور کی انجام دہی کرے۔انہوں نے کہا کہ بڑے اداروں پر سے مریضوں کا دباؤ کم کرنے کے لیے پرائمری ہیلتھ کیئر کو مضبوط کہا جائے گا لوگ نزلہ کھانسی کے علاج کے لیے بھی سول اسپتال جاتے ہیں، انہیں گھر کے دروازے پر یہ سہولت ملنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انٹریو کے بعدمیڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا تقرر کیا جائے گا، اورچارج دینے سے پہلے آغاخان اسپتال سے ہاسپٹل مینجمنٹ کی ٹریننگ دی جائے گی۔اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑروپے کی لاگت سے تیار فیملی میڈیسن کلینک میں ڈاکٹرز کا معائنے بنیادی لیبارٹری ٹیسٹ اور دوائیں مفت فراہم کی جائینگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بیظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں برنس سینٹر کے کچھ حصے منتقل کیے جائیں گے۔ تقریب سے ہیڈ آف فیملی میڈیسن ہجرت کالونی ڈاکٹر انعم ارشد بیگ اور ڈاکٹر نورلعین نے بھی خطاب کیا۔

Comments (0)
Add Comment