سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیموں کے 3 دہشت گرد پکڑ لئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے پولیس اہلکاروں اور سیاسی جماعت کے کارکنوں کے قتل میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور امارات اسلامیہ افغانستان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔چھاپہ مار ٹٰم کیلئے2 لاکھ انعام کا اعلان کیاگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) کی ٹیم نے گلشن اقبال کے علاقے قائد اعظم کالونی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم نعیم خان عرف نعیم محسود کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پولیس کو قتل اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نعیم محسود گلشن اقبال قائد اعظم کالونی میں عوامی نیشنل پارٹی کا علاقائی صدر بھی رہ چکا ہے، اپنے دور صدارت میں متحدہ کارکنوں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھا، جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے، اے این پی کے دفاتر بند ہونے کے بعد ملزم ساتھیوں سمیت کالعدم تحریک طالبان پاکستان میں شامل ہوگیا تھا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے ساتھیوں سے مل کر قائد اعظم کالونی میں پولیس موبائل پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل زاہد حسین اور کانسٹیبل مقصود مسیح مارے گئے تھے، ملزم نے سچل میں اپنے ساتھیوں کیساتھ مل کر 2 افراد کو قتل کیا۔ اس کے علاوہ ملزم نے یونیورسٹی روڈ پر بھی پولیس موبائل پر حملہ کیا تھا۔ سی ٹی ڈی نےایک اور کارروائی کے دوران ربانی اور نعمت نامی ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کا تعلق امارت اسلامیہ افغانستان سے ہے ، ملزمان تربیت کیلئے متعدد بار افغانستان جاچکے ہیں اور دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے، ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment