میلبورن (اسپورٹس ڈیسک) جاپان کے نامور ٹینس سٹار کئی نیشیکوری، اٹلی کے فابیو فوگنینی، کینیڈا کے ٹینس سٹار میلوس رائونک اور پرتگال کے جائو سوسا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ سوئٹزرلینڈ کے سٹانسلاس وارینکا، فلپ کولیشرائبر اور ڈینیئل تھیم دوسرے رائونڈ میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ رومانیہ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک سیمونا ہالپ، امریکا کی نامور ٹینس سٹار ولیمز سسٹرز، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی، روسی ٹین کوئین ماریہ شراپوا، جمہوریہ چیک کی پٹرا کویٹوا اور جاپان کی نائومی اوساکا آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلام ایونٹ میں جمعرات کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز دوسرے رائونڈ میچز میں رومانیہ کی سیمونا ہالپ نے امریکا کی کینن کو 6-3، 6-7(5-7) اور 6-4 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔