قتل کی دھمکیوں پر روہنگیا مسلمان بھارت چھوڑ نے پر مجبور

ڈھاکہ(امت نیوز)انتہا پسند ہندوئوں کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے باعث ہزاروں روہنگیا مسلمان بھارت چھوڑ کر بنگلہ دیش میں پناہ لینےپرمجبور ہو گئے۔ بھارتی کریک ڈائون کے باعث گزشتہ چندماہ میں2 ہزار روہنگیا مسلمان کاکس بازار پہنچ چکے ہیں اور ان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت میں تقریبا چالیس ہزار بے بس روہنگیا مسلمان کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں ،جن میں زیادہ تر مقبوضہ جموں اور دہلی میں ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق برمی فوج کے وحشیانہ مظالم کے باعث بھارت پہنچنے والے سولہ ہزار روہنگیا مسلمانوں کے پاس اقوام متحدہ کے شناخت نامے ہیں ،جنھیں بھارتی حکومت نے ماننے سے انکار کردیا ہے۔کاکس بازار میں روہنگیا یوتھ لیڈر محمد عرفات نے بتایا کہ بھارت میں ہمیں پہچانو اور مارو کی تحریک شروع کردی گئی ہے۔وہ مقبوضہ جموں میں چھ سال رہ کر بنگلہ دیش واپس گئے۔انہوں نے کہا اگر ہمیں برما بھیجا گیاتو برمی فوج ہمیں قتل کر دے گی۔ مقبوضہ جموں میں موجود روہنگیا مسلمان شاہد کے مطابق وہ رکشہ چلا کراپنے خاندان کی کفالت کرتا ہے اور واپس نہیں جانا چاہتا ۔بھارت نے سات روہنگیا مسلمانوں کو برما ڈی پورٹ کردیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment