ایف بی آر خورد برد کیس میں ڈی جی نیب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ایف بی آر سیلز ٹیکس کے نام پر کرپشن اورخوربرد کیس کی انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواستوں پر ڈی جی نیب سندھ کو 15 فروری کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔جمعرات کو چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ ہم قوم کے ساتھ مزید مذاق برداشت نہیں کرسکتے اور ڈی جی نیب خود پیش ہوکر وضاحت کریں۔ علاوہ ازیں جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے گمشدہ بچوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر پولیس اور ایف آئی اے سے مغوی بچوں کے حوالے سے31جنوری تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ ایک اور درخواست میں سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیوایم بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے اہم گواہ سرفرارمرچنٹ سمیت دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت 31جنوری تک ملتوی کردی۔ جمعرات کوسماعت کے موقع پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سرفراز مرچنٹ بیمار پڑ گئے ہیں پیش نہیں ہوسکتے۔سندھ ہائی کورٹ نے سرکاری زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر ڈی جی نیب، نیب پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کو 31جنوری تک نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ علاوہ ازیں جمعرات کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں سندھ ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ نے دو بچوں کی ہلاکت کے بعد کلفٹن میں نجی ریسٹورنٹ سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سے 30جنوری تک دلائل طلب کرلیے۔

Comments (0)
Add Comment