زرداری کا حکومت کے مدت پوری نہ کرنے کا دعویٰ

بدین (نمائندہ امت) پی پی رہنما آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی حکومت 5 سال پورے نہیں کر سکتی۔ حادثاتی وزیر اعظم میں سیکھنے کی صلاحیت نہیں۔ ڈالر مہنگا کر کے ملکی معیشت تباہ کر دی گئی۔ بدین کے علاقے میں راہوکی میں شہید فاضل راہو کی 32ویں برسی کی تقریب کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سمیت کسی صوبے کے عوام الیکشن نہیں مانتے، ہمیں اتنا دیوار کے ساتھ نہ لگاؤ پھر عوام ہاتھ میں نہیں رہیں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ ہر غریب آدمی حکومت کو بد دعا دے رہا ہے، ان کی مجھ سے جنگ صرف 18 ویں ترمیم پر ہے۔ انہوں نے کہا آپ کو پتہ ہی نہیں ڈالر اوپر جا رہا ہے، ہم ایک ماہ پہلے ڈالر پر نظر رکھتے تھے، ہم نے حکومت چلائی اور ملک بھی بنایا، ایسے ایسے کام کیے جو دوستوں نے سوچا بھی نہیں تھا۔ بلوچستان سے معافی مانگنے کا کسی نے نہیں کہا تھا۔ میں نے وہاں کے عوام سے معافی مانگی، عمران خان حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے ہیں تو کچھ سیکھ بھی لیں، لیکن آپ کے اندر سیکھنے کی صلاحیت بھی تو نہیں ہے۔ آپ کے اتنے اسکینڈل نکل رہے ہیں، سوچتا ہوں چھپائیں کیسے؟حکومت اتنا عرصہ تو رہنی ہی نہیں ہے اب تو اسکینڈل پر اسکینڈل نکل رہے ہیں ہماری پبلسٹی چھپانے کی کوشش کرتے ہیں خود لوگوں کی خیراتوں سے غبن کیا ہوا ہے۔ جلسے کے موقع پر پیر آف لواری شریف سمیت پیپلز پارٹی کے قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اور یہ پہلا موقع تھا کہ آصف علی زرداری بائی روڈ بدین پہنچے ۔دو ماہ کے دوران یہ انکا تیسرا جلسہ تھا اور جلسے کے پنڈال میں وہ تمام نعرے بینرز پر لگائے گئے تھے ،جن کا مطالبہ آصف علی زرداری نے اپنی تقریر میں کیا۔

Comments (0)
Add Comment