کراچی(اسٹاف رپورٹر) بن قاسم پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے 3کارندوں کو گرفتار کر کے 4 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم پولیس نے خفیہ اطلاع پر ریلوے پھاٹک کے قریب کارروائی کرتے ہو ئے 3ملزمان مبشر، عادل اور گلزار جتوئی کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر 4موٹر سائیکل برآمد کرلیں ،ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزمان موٹر سائیکل لفٹر گینگ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے چند روز قبل ایک ہوٹل کے باہر پارکنگ سے موٹر سائیکل چوری کی تھی جس پر پولیس نے ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج تحویل میں لی جس میں ملزمان کو شناخت کر کے گرفتار کیا گیا انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ایک موٹر سائیکل تالاب میں پھینک دی تھی، جسے پولیس نے نکال کر اپنی تحویل میں لے لیا،جبکہ ملزمان موٹر سائیکل چوری کرنے کے بعد ان کے پرزے نکال کر فروخت کردیتے تھے اور چیسسز وغیرہ تالاب یا نالے میں پھینک دیتے تھے ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں درجنوں موٹر سائیکل چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔