حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو بار بار ختم کرنے کی سازشیں کی جاتی رہی ہیں مگر کوئی طاقت ایم کیو ایم کو بکھیر نہیں سکی ایم کیو ایم کبھی تقسیم نہیں ہو گی، پاکستان کے خزانے آج بھی کراچی کے مہاجر بھرتے ہیں اور دوسرے لوگ کھاتے ہیں اب ملک کے خزانے کی چابی ہمارے ہاتھوں میں ہو گی۔ وہ لیاقت کالونی میں ایم کیو ایم کے زیراہتمام جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے جس سے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر کنور نوید جمیل، خواجہ اظہارالحسن، فیصل سبزواری، ایم این اے صلاح الدین، رعنا انصار، قائم مقام میئر سید سہیل مشہدی، ظفر صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا کہ آئینی ترمیم کرکے 20فیصد سرکاری محکمے صوبوں اور بلدیاتی اداروں کے حوالے کئے جائیں کیونکہ پرویز مشرف نے بلدیاتی اداروں کو جو اختیارات دیئے تھے بعد میں قانون سازی کے ذریعے وہ بھی چھین لئے گئے، انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے ہم ہر قربانی کے لئے تیار ہیں مگر ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ شہروں کو بھی اہمیت دی جائے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کوئی تقسیم نہیں کر سکتا جس کو ایم کیو ایم بنانی ہے وہ یہاں ہمارے ساتھ آ کر بیٹھے، ہم نے حیدرآباد میں غداروں کا راستہ بند کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات سے پہلے بھی قوم کو آگاہ کیا تھا کہ اب دن بدلنے والے ہیں یہ ملک مہاجروں کے بغیر نہیں چل سکتا اگرچہ کل ہم 24ممبران تھے اور آج 7رہ گئے ہیں لیکن ہماری شمولیت سے ہی ملک میں اتحاد قائم ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان اور جمہوریت کو بچانے کے لئے کوشش کی ہے اب ہماری تعداد گننے کے بجائے ہمیں تولنا پڑے گا، ترازو اب مہاجروں کے ہاتھ میں ہو گا۔