کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جامعہ کراچی کی طالبہ نے عرق گلاب سے کھانسی کا علاج دریافت کرلیا، جس پر مزید تجربات کئے جارہے ہیں اور اسے ٹیبلٹ یا شربت کی شکل میں لایاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق شعبہ فارمیسی کے استاد پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر کی زیر نگرانی طالبہ صفیہ عابدی نے اپنی پی ایچ ڈی کی تحقیق مکمل کی، جس میں انہو ں نے عرقِ گلاب سے بلغمی اور خشک کھانسی ختم کرنے کا کامیاب تجربہ کیا۔ ڈاکٹر اقبال اظہر کا کہنا تھا کہ جڑی بوٹیوں سے بنی ادویات کی اپنی افادیت ہے،پاکستان نباتات و معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، ملک میں گلاب کثرت سے پیدا ہوتاہے اور اسکے عرق میں کئی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ صدیوں سے طبی خواص کی بنیاد پر عرق گلاب ہربل ادوایات میں سر فہرست ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیق میں پتہ چلاکہ عرقِ گلاب کا سادہ یا مرکب کی صورت میں استعمال کھانسی کیلئےبہت مفید ہےاِسے گولی یا شربت کی شکل میں لانے سے یہ عام آدمی کی پہنچ میں آجائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر اساتذہ کو وسائل مہیا ہوجائیں تو ہم ہربل ادویات میں خود کفیل ہوسکتے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عرق گلاب ہر قسم کےمضر اثرات سے پاک اور اس میں دیگر دوائیوں کی طرح غنودگی کا عنصر بھی موجود نہیں ہے۔