لاہور(نمائندہ امت) 26جنوری کوبھارتی یوم جمہوریہ سے قبل کشمیر ی مجاہدین کی طرف سے بھارتی فورسز پر حملے بڑھ گئے،سری نگرمیں فوجی چوکی کے سامنے دھماکہ ہواہے جبکہ راجوری میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے فوجی شدیدزخمی ہوگیا، مقبوضہ کشمیرکےحساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گرمائی دارالحکومت سری نگر کے تاریخی لال چوک میں پراسرار دھماکے سےہر طرف افراتفری پھیل گئی ۔یہ دھماکہ بھارتی سنٹرل ریزر پولیس فورس کی پوسٹ کے سامنے ہوا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ بھارتی فورسز کا کہنا ہے کہ دھماکہ سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ۔ادھرمقبوضہ جموں کے علاقے راجوری میں لائن آف کنٹرول کے سندر بنی سیکٹر میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک بھارتی فوجی شدید زخمی ہوگیا ۔فوجی پارٹی معمول کے گشت پر جارہی تھی کہ اسی دوران ایک اہلکار کا پاؤں نصب شدہ بارودی سرنگ پر پڑا اور ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ زخمی فوجی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ادھر بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل بھارتی فوج نے سرگرم کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں تھانوں میں بند کرنے کا سلسلہ بھی تیز کر دیا ہے۔ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے کشمیریوں کی چیکنگ کے نام پر خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا گیا ہے۔ مقامی کشمیریوں نے اس صورتحال پر سخت احتجاج کیا ہے۔ ۔