کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کرکے 3 افراد کے قتل میں ملوث ملزم پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا، گرفتار ملزم سمن آباد انویسٹی گیشن میں تعینات تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اہلکار اور مقتول ندیم کا پلاٹ کی خریدوفروخت پر تنازعہ چل رہا تھا، پولیس نے مقتول ندیم کے بھائی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر14 ایل اجتماع گاہ پہاڑی پر بیٹھک میں گھس کر فائرنگ کرکے2بھائی 30سالہ امتیاز،22سالہ عدنان عرف راجواوران کا دوست51 سالہ ندیم حامد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم پولیس اہلکار تنویر کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ایس ایچ او ماجد کورائی نے ’’امت ‘‘سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم تنویر سمن آباد تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات ہے اور ملزم کا مقتول ندیم سے پلاٹ کے معاملے پر تنازعہ چل رہا تھا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ مقتول ندیم سے ملزم تنویر نے اورنگی ٹاؤن خیرآباد میں ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا پلاٹ کا سودا کیا تھا بعد میں مقتول ندیم 3لاکھ روپے مزکورہ پلاٹ کے مانگ رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے ساتھی سہولت کار کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، تاہم پولیس نے مقتول ندیم کے بھائی عرفان کی مدعیت میں ملزم پولیس اہلکار تنویر کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 17/19درج کرکے ملزم سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔