وفاق المدارس کے تحت میرپور خاص میں علما کنونشن24 جنوری کو ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ کے زیر اہتمام 24 جنوری کو پیغام مدارس مہم کے حوالے سے میرپور خاص میں علما کنونشن منعقد ہوگا، جس میں میرپور خاص،عمر کوٹ، سانگھڑ، جیکب آباد ، تھر اور شہدادپور کے مدارس ذمہ داران وآئمہ مساجد شرکت کریں گے، اس اجتماع کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی منتظمین ومسئولین نے مفتی عبیداللہ انور کی معیت میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا امداد اللہ یوسف زئی، مولانا طلحہ رحمان اور مولانا زبیر احمد سے تفصیلی ملاقات کی۔اس موقع پہ مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے کہا کہ مدارس دینیہ امن و سلامتی کے ضامن اور مدارس کا پیغام تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے، معاشرہ میں اخلاقی قدروں کو پامال کرنے کی کوششوں کے سدباب کیلئے مدارس کے پیغام کو اجاگر کرکے تعلیم کو فروغ دینا وقت کا اہم تقاضہ ہے، جسے پورا کرنے کیلئے اجتماعات کا موثر قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس موقع پر مولانا امداد اللہ یوسف زئی نے کہا کہ مدارس نے تعلیم کیساتھ عوام کی فلاح و بہبود سمیت سماجی و رفاہی میدان میں بھی خدمات انجام دی ہیں اور اس میں مستقل اضافہ عوام کا مدارس پر اعتماد کا مظہر ہے۔ مولانا طلحہ رحمانی نے کہا کہ درپش مسائل کے باوجود مدارس میں یکساں سہولیات سمیت ایک ہی نصاب و نظام تعلیم رائج ہے۔ دریں اثنا میرپورخاص میں وفاق المدارس سندھ کے معاون ناظم مولانا قاری عبدالرشید کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کنونشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مفتی عبیداللہ انور، مولانا محمد سلیم، مولانامحمد یعقوب سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے ۔

Comments (0)
Add Comment