چترال (نمائندہ اُمت) چترال کے جنوب میں پاک افغان بارڈ ر پرواقع گاؤں ارندو میں دیسی ساخت کے بم کے دھماکے میں چترال لیویز کا ایک جوان جاوید خان شہید ہوگیا ۔جائے دھماکا کو سیل کرکے ابتدائی شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور علاقے میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ چترال لیویز کا جوان قریب لیویز پوسٹ کی طرف آرہے تھا کہ سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا۔ شہید جاوید خان کا تعلق بھی ارندو گاؤں سے تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دسمبر میں پاک افغان سرحدی علاقے مہمند میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔