لاہور/اسلام آباد(بیورورپورٹ)مسلم لیگ ق کو منانے میں وزیراعلیٰ پنجاب ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد وزیراعظم وزیر اعظم ہاؤس نے چوہدری برادران سے رابطہ کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور24گھنٹوں میں وزیر اعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہےکہ چوہدری برادران کے ساتھ معاملات حل ہوگئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی گزشتہ شب ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ چوہدری پرویزالٰہی نے عثمان بزدار سے شکوہ کیا کہ آپ اور آپ کی قیادت سے اتحاد کے جو معاملات طے ہوئے تھے ان پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا، یہ بھی طے ہوا تھا کہ مرکز اور پنجاب میں ق لیگ کو دو دو وزارتیں ملیں گی لیکن ایسا نہ ہوا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس بات سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے پر وزیراعظم عمران خان سے بات کریں گے۔ چوہدری پرویز الہی نے عثمان بزدار سے کہا کہ آپ کے والد سے میرے ذاتی تعلقات تھے لیکن پھر بھی معاملات صحیح طرح نہیں چل رہے۔وزیراعلی پنجاب نے پرویز الہی کو یقین دہانی کرائی کہ ق لیگ کے مطابق جو بھی پوسٹنگ ٹرانسفر اور دوسرے انتظامی کام ہیں وہ فوری ہوں گے۔ تاہم چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پوسٹنگ ٹرانسفر کوئی مسئلہ نہیں بلکہ اتحادیوں کے درمیان جو معاہدے ہوتے ہیں ان پر عمل ہونا چاہیے۔ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہی کی شدید خفگی دور نہ ہوئی اور وزیر اعلی انہیں منانے میں ناکام رہے۔ ق لیگ سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر کے استعفے کا معاملہ بھی حل نہ ہوسکا۔چوہدری پرویز الہی نے مزید کہا کہ ملکی معاملات جس طرف جارہے ہیں وہ صحیح نہیں اور صورتحال کو ٹھیک کرنا ہوگا، مہنگائی میں کمی اور معاشی معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو پھر اتحاد اور حکومت کی دوسری چیزیں ثانوی حیثیت اختیار کر جائیں گی۔ملاقات کی ناکامی کے بعدوزیراعظم وزیر اعظم ہاؤس نے چوہدری برادران سے رابطہ کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہائوس سے چوہدری برادران کو آگاہ کیا گیا کہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا،دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے اور مسئلہ حل ہوچکا ہے، چوہدری برادران کو علم ہےکہ کون ان کا دوست اور کون دشمن ہے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سب سے زیادہ ذہین اور زیرک سیاستدان ہیں، مخالفین کی خواہش پوری نہیں ہوگی، چوہدری برادران اس نظام کے اہم پلرز ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ عمار یاسر کا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق نہیں، وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے خود بات کرلیتے تو مسئلہ حل ہوجاتا ، عمار یاسر ہمارے ساتھی ہیں اور ہمارے ساتھ ہی رہیں گے۔