پشاور(رپورٹ:محمدقاسم)افغان صدارتی انتخابات میں اس بار کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے ۔حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار ،احمد شاہ مسعود کے بھائی احمد ولی مسعود سمیت 9امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ۔جب کہ جمعیت اسلامی افغانستان نے عبداللہ عبداللہ کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کردیا۔ہفتہ کے روز حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے الیکشن کمیشن میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے اور انہوں نے اپنے نائب صدر اول فضل ہادی وزیر اور قاضی حفیظ الرحمن کو نائب صدر دوم نامزد کر دیا جبکہ احمد شاہ مسعود کے بھائی احمد ولی مسعود نے فریدہ مہمند کو نائب صدر اول اور لطیف نذری کو نائب صدر دوم نامز د کر دیا ہے ۔دونوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں اور امیدواروں کی تعدا د10تک پہنچ گئی ہے ۔اس سے قبل نور الحق علومی ،زلمے رسول ،لطیف پدرام،حنیف اتمر،سید نور اللہ جلیلی،فرامرزتمنا،عنایت اللہ حفیظ،حکیم تورسین نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ این ڈی ایس کے سابق سربراہ نبیل نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا اعلان کیا ہے جبکہ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے آج اتوار کے روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا امکان ہے ۔حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار طالبان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔افغانستان میں صدارتی انتخابات ایک ایسے وقت میں ہورہے ہیں جب افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہوا ہے ۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں گلبدین حکمت یار نے کہا کہ افغانستان کا موجودہ نظام ناکام اور فاسق نظام ہے اور یہ افغانوں پر مسلط کیاگیا ہے ۔افغان عوام کو ایک فلاحی اور اسلامی ریاست کا نظام چاہیے ۔حزب اسلامی ایک فلاحی اور اسلامی ریاست کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی ۔اس سے قبل حزب اسلامی اور کئی سیاسی پارٹیوں کے درمیان مشترکہ امیدوار لانے پر بات چیت ہوئی لیکن یہ بات چیت ناکام رہی ۔دریں اثنا جمیعت اسلامی افغانستان کی جانب سے رات گئے ایک جلاس میں افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا گیا۔