جامشورو (نمائندہ امت) جامعہ لیاقت میڈیکل میں ایم بی بی ایس سال سوم کے طالبعلم عاطف آرائیں کی موت کا تعین کرنے میں پولیس ناکام ہو گئی ہے۔ مبینہ خودکشی کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے 2 چوکیداروں واحد بخش بروہی، شریف جمالی اور ایک پرائیویٹ سیکورٹی کمپنی کے گارڈ شریف ببر کو حراست میں لے لیا ہے جن کے بارے میں رابطہ کرنے پر ایس ایچ او جامشورو اشفاق منگی نے امت کو بتایا کہ ان تمام افراد کو طالبعلم عاطف آرائیں کیس میں تفتیش کے لئے بلایا ہے ابھی تک باقاعدہ کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ دوسری طرف متوفی طالبعلم اور اسکے روم پارٹنر محمد رافع آرائیں کے مابین ایس ایم ایس کے ذریعہ موبائل پر ہونے والی آخری گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس میں متوفی طالبعلم عاطف آرائیں اپنے روم میٹ دوست کو وہ رات یادگار رہے گی کا میسج کررہا ہے۔