بنکاک (مانیٹرنگ ڈیسک )تھائی لینڈ میں جاری کشیدگی کے دوران جنوبی علاقے کے ایک پگوڈہ میں فائرنگ سے 2بدھ بھکشو ہلاک ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق مقامی سپرنٹنڈنٹ پاکڈی پریچاچون کا کہنا ہے کہ ملائیشیا سے متصل سرحد ی صوبے نیراتھیواٹ میں قائم پگوڈہ میں عقبی راستے سے سیاہ پوش مسلح افراد داخل ہوئے۔جنہوں نے فائرنگ کرکے 2بھکشوؤں کو ہلاک کر دیا اور دو زخمی ہو گئے ۔ یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں 2004 میں باغیوں اور ریاست کے درمیان نسلی فسادات ہوئے تھے جس میں 7ہزار شہری مارے گئے تھے ۔گذشتہ برس ریاست میں سیکورٹی صورتحال بہتر ہونے پر قتل کی وارداتوں میں واضح کمی آئی تھی تاہم حالیہ چند دنوں میں ایک مرتبہ پھر کشیدگی پھیل گئی ہے جس میں اسکولوں اور مذہبی اداروں کو ہدف بنایا جارہا ہے۔ تھائی وزیراعظم پریوت چین او چا نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حملہ آوروں کو سزا دی جائے’۔ہیومن رائٹس واچ کے مطابق 2004 کے فسادات سے اب تک کم ازکم 23 بھکشوؤں کو قتل کیا جا چکا ہے۔