اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) ساہیوال مبینہ پولیس مقابلے کی ایکوڈیو سامنے آئی ہے جس میں پولیس اہلکار واقعے کے بعد گاڑی سے زندہ بچ جانے والے بچوں کو نکال کر لے جا رہے ہیں۔ لاہور سے وہاڑی اور بورے والا جانے والی بس کےاندر سے بنائی گئی ایک غیر معیاری وڈیو میں کچھ فاصلے پر سفید کار سڑک کے درمیان لگی رکاوٹ سے ٹکرا کر رکی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، جبکہ ایک پولیس موبائل بھی کھڑی ہے، جس کے پاس کچھ اہلکار بھی موجود ہیں۔ بس کے اندر موجود افراد کی گفتگو سے ظاہر ہو رہا ہے کہ پولیس موبائل میں موجود اہلکاروں نے سفید کار پر فائرنگ کی جس کے بعد گاڑی کے اندر سے تین بچوں کو نکال کر پولیس موبائل میں بٹھایا گیا۔ یاد رہے بعد میں پولیس اہلکاروں نے تینوں بچوں کو ایک پیٹرول پمپ پر لاوارث چھوڑ دیا تھا۔ وڈیو شروع ہونے کی تھوڑی دیر بعد پولیس موبائل موقعے سے روانہ ہو جاتی ہے، جس کے بعد بس بھی روانہ ہوجاتی ہے۔ سامنے کھڑی سفید کار کے دونوں اطراف کے دروازے کھلے دکھائی دیتے ہیں۔وڈیو میں کار کا اندرونی منظر دکھائی نہیں دیتا، تاہم بس میں بیٹھے افراد کار میں مرد و خواتین کی لاشیں دیکھنے کا ذکر کرتے ہیں۔ بس میں موجود افراد پولیس کی جانب سے بچوں کو نکال کر لے جانے پر بھی حیرت کا اظہار کرتے رہے اور بعض افراد کا کہنا تھا کہ اہلکار بچوں کو اغوا کر کے لے جا رہے ہیں۔