صدمے سے نکالنے کیلئے بچے جنرل اسپتال منتقل

لاہور (نمائندہ خصوصی) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل اور نبیلہ کے زخمی بچوں لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہیں اتوار کے روز لاہور منتقل کرنے کے بعد جنرل اسپتال کے ڈاکٹروں کے چھ رکنی خصوصی پینل کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ نیورو وارڈ میں انہیں خصوصی کمرے میں رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بچے چونکہ زیادہ زخمی نہیں ہیں۔ اس لئے اگلے 24 گھنٹوں میں انہیں اسپتال سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔ جنرل اسپتال کے پرنسپل ڈاکٹر طیب کا ان بچوں کے علاج معالجے کے بارے میں کہنا ہے کہ اگرچہ بچوں کی حالت مکمل طور پر خطرے سے باہر ہے لیکن بچے والدین کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کے سبب سخت صدمے کی حالت میں ہیں۔ انہیں نفسیاتی دباؤ سے نکالنے اور صدمے کے اثرات کم کرنے کیلئے اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا۔ جن دو بچوں کو اسپتال میں رکھا گیا ہے ان میں عمر خلیل اور اس کی چھوٹی بہن منیبہ شامل ہیں جبکہ سب سے چھوٹی بیٹی ہادیہ کو مرہم پٹی کے بعد گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں زخمی بچوں کو دیکھنے کیلئے دن بھر لوگ آتے رہے۔ تاہم بعد میں ڈاکٹروں نے انہیں صدمے کی حالت سے نکالنے کیلئے ان سے ہر کسی کو ملاقات دینے سے معذرت کرلی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے بھی جنرل اسپتال آکر ان بچوں کی عیادت کی۔

Comments (0)
Add Comment