کراچی (رپورٹ: ایس ایم انوار) سٹیل مل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 5بار ملتوی ہونے والا اجلاس آخر کار آج کراچی میں ہوگا ۔ اجلاس کے ایجنڈے میں 8بنیادی اور 5ذیلی نکات شامل ہیں ۔ جن میں سرفہرست اسٹیل مل کی بحالی کے حوالے سے ایکسپرٹ گروپ سے مشاورت اور پیش کردہ پلان کو آگے لے جانا ہے جبکہ نئے بورڈ ممبر کی شمولیت اور گزشتہ اجلاس کی کارروائی کا جائزہ اور 399ویں بورڈ اجلاس کے منٹس کی منظوری شامل ہے ۔ایجنڈے میں ملازمین کی اگلے گریڈ میں DPC کا معاملہ بھی شامل ہے جبکہ مالی سال 19۔ 2018 کا نظرثانی اور تخمینی بجٹ بھی پیش کیاجائے گا۔ ایجنڈے کے ذیلی نکات میں اسٹیل مل معاملات کی نگرانی کیلئے قائم مقام چیف فنانشل آفسر کو اختیارات کی منتقلی اور عارف شیخ کے کنٹریکٹ میں توسیع سمیت ریٹائرڈ آفیسر اے پی ای او نصرت اسلام بٹ کو دوبارہ کنٹریکٹ پر رکھنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا اجلاس میں این آئی پی کی غیر الاٹ زمینوں کی قیمتوں کا ازسر نوتعین اور اسٹیل مل میں موجود 25-80ملی میٹر کے کوک کی فروخت پر بھی غور ہوگا اجلاس میں جوائنٹ سیکریٹری فنانس ڈویژن عمران اللہ ، سیکریٹری نجکاری کمیشن رضوان ملک ، ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار عبدالجبار شاہین ، پرائیوٹ سیکٹر کے عامر اللہ والا … کے ابانا ، آصف جبار خان ، انجینئر عاشق علی ، شیخ محمد آصف اور آئل اینڈ گیس کمپنی خیبرپختون کے برطرف سی ای او رضی الدین شامل ہیں جبکہ برطرف فرد کوئی بھی سرکاری عہدہ نہیں رکھ سکتا مگر حیران کن طورپر وہ بورڈ کی بزنس اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کی صدارت کرچکے ہیں یاد رہے کہ بورڈ اجلاس قبل زیں 17دسمبر ۔21دسمبر۔2جنوری اور پھر4جنوری کوطلب کئے گئے تھے مگر اجلاس نہیں ہوسکےتھے۔