سنار کو اغوا کرنیوالے 4 افراد حساس ادارے کے اہلکار نکلے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی میں سنار کومبینہ طور پر اغواکرنے والے4افراد کو مغوی کے بھائیوں اوراہلخانہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس کے مطابق پکڑے جانیوالے اغواکار نہیں حساس ادارےکے اہلکار تھے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے و اتوار کی درمیانی شب مغوی کے بھائیوں نے اہل محلہ اور مومن آباد پولیس کی مدد سے بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی میں سوار 4افراد جو خود کو خفیہ ایجنسی کے اہلکار ظاہر کر رہے تھے کو پکڑلیا۔ پولیس کے مطابق 17جنوری کو مومن آباد ملک چوک سے سعیدنامی سنار کو دکان سے اٹھایا گیا تھا، اہلخانہ نے مومن آباد تھانے میں واقعے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان سے 3لاکھ تاوان مانگاگیا،تاہم ڈیڑھ لاکھ پر معاملہ طے ہوا، سعید خان کی حوالگی کیلئےبورڈ آفس کے قریب پوائنٹ کا انتخاب کیا گیا، جہاں مغوی کے بھائی اور دیگر عزیزخفیہ طور پر جمع ہوئے اور مومن آباد پولیس کو بھی اطلاع دی، ملزمان کی ویگو جیسے ہی وہاں پہنچی تو پہلے سے موجود لوگوں نے اسے گھیر لیا اور اس میں سوار افراد کو پکڑ کر مغوی کو بازیاب کرالیا۔ پولیس نے ملزمان کو مومن آباد تھانے منتقل کیا۔ ایس ایچ او آصف منور کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک وہ ایف آئی آر درج نہیں کرسکتے۔مغوی کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان خفیہ ایجنسی سے تعلق رکھتے ہیں اور متعلقہ ایجنسی کے سربراہ ایس ایچ او سے رابطے میں ہیں، جبکہ ایس ایچ او کا دعویٰ ہے کہ ویگو میں سوار افراد اغوا کار نہیں بلکہ حساس ادارے کے اہلکار ہیں، جنہیں انکے سربراہ کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر اغوا کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

Comments (0)
Add Comment