پی ٹی آئی رکن کاپنجاب اسمبلی میں توجہ دلا ؤنوٹس جمع

لاہور/اسلام آباد(امت نیوز)سانحہ ساہیوال کے معاملے پر تحریک انصاف کی خاتون رکن مسرت جمشید چیمہ نےپنجاب اسمبلی میں توجہ دلا ؤنوٹس جمع کرا دیا جبکہ مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرا دی۔تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائے گئے توجہ دلا نوٹس میں میں استفسار کیا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر اڈا قادر کے قریب جعلی مقابلہ بنایا؟کیا یہ درست ہے کہ ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا کہ ٹول پلازہ کے پاس سی ٹی ڈی ٹیم نے ایک کار اور موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی اور جس پر کار میں سوار افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی اور جوابی فائرنگ میں داعش کے دہشتگرد ہلاک ہوئے۔توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اب تک کی جانے والی کارروائی سے متعلق ایوان کو آگاہ کیا جائے اور کیا اس کیس میں انصاف ہوگا؟۔دوسری جانب سانحہ ساہیوال پر مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرا دی جس میں فوری بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تحریک التوا پر رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق، خواجہ آصف اور دیگر کے دستخط ہیں۔تحریک شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ساہیوال میں پولیس کی فائرنگ سے چار افراد کی موقع پر موت واقع ہوئی، جاں بحق ہونے والوں میں 1 خاتون اور 13 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ عوامی اہمیت کے اس مسئلے پر ایوان میں فوری بحث کرائی جائے، حکومت جواب دے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ میں کیوں ناکام ہوئی۔

Comments (0)
Add Comment