میرپور(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر پنجاب چوہدری سرور نےایک وڈیو بیان میں ساہیوال واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کا ضیاع ہوا،یقین دلاتا ہوں کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائیں گے۔جوپولیس افسر بھی ملوث ہیں انہیں قرار واقعہ سزا دی جائے گی۔تاکہ آئندہ اس طرح کا کوئی واقعہ نہ ہو۔قبل ازیں میرپور آزاد کشمیر میں برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ساہیوال جیسے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں، اس کی وجہ سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کارکردگی پر تنقید نہیں ہونی چاہیے، حکومت نے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی جس میں اہم اداروں کے افسران شامل ہیں۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے صوبے سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا ہے، جس کی تعریف کرنی چاہئے۔پنجاب میں دیگر صوبوں کی طرح فوج اور رینجرزکونہیں بلایاگیا۔ انہوں نےمزید کہا کہ ساہیوال واقعہ میں مارےجانے والے افراد واقعی بےگناہ تھے، جس پر سب کو ہی دکھ اور صدمہ پہنچا، حکومت ذمہ داروں کو کٹہرے میں ضرور لائے گی۔