کراچی (اسٹاف رپورٹر)گارڈن ایسٹ میں دہشت گردوں نے موٹر سائیکل پر سوار ٹریفک پولیس کے اہلکار پرفائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار موقع پرشہید ہوگیا۔ سولجر بازار کے علاقے گارڈن ایسٹ لکھ پتی ہال کے قریب پیر کی علی الصبح موٹرسائیکل پر سوار ٹریفک پولیس اہلکار پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پستول سے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ گولیاں لگنے سے ٹریفک پولیس اہلکار 24 سالہ احتشام موقع پر شہید ہوگیا۔ ایس ایچ او عبداللہ بھٹو نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ شہید ہونے والے اہلکار احتشام ولد عرفان مزار قائد ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا اور سولجر بازار میں رہائش پذیر تھا جبکہ اسکا آبائی تعلق حیدرآباد سے تھا۔ وہ پیر کی علی الصبح اپنی موٹر سائیکل پر پولیس یونیفارم پہن کر مزار قائد ٹریفک سیکشن جارہا تھا کہ مذکورہ مقام پر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کردیا ،پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے چار خول اپنی تحویل میں لے کر فارنسک لیب بھیجوا دیئے ہیں۔ شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کے علاوہ ڈی آئی جی ایسٹ،ڈی آئی جی ٹریفک کراچی،تمام زونل ایس ایس پیزٹریفک ودیگر پولیس افسران اورجوانوں سمیت شہیدکے اہلخانہ دوست احباب اور اہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آئی جی نے شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کانسٹیبل کے ورثا کے لئے تمام مروجہ مراعات کا اعلان کیا اور موقع پر موجود پولیس افسران کو جملہ ضروری قانونی ومحکمانہ اقدامات کو جلد سے جلد مکمل کرنےکے بھی احکامات دیئے۔