اسلام آباد – تحریک انصاف حکومت نے بھی پٹواری کلچر کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے

اسلام آباد (وقاص منیر چوہدری)تحریک انصاف حکومت نے بھی پٹواری کلچر کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، قبضہ مافیا کی معاونت کرنے اور ایک ہی پٹوار سرکل میں طویل عرصے سے تعیناتی کے الزامات پر ہٹائے گئےچار پٹواریوں سے ایڈیشنل چارج واپس لیتے ہوئے انہیں دوبارہ انہی پٹوار سرکلز کا مستقل چارج دے دیا گیا ہے جس سے پٹواریوں کے فرضی تبادلوں پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ یہ پٹواری کئی سال سے بطور ایڈیشنل چارج اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ انہی پٹوار سرکلز میں اسلام آباد کے بڑے ہاؤسنگ منصوبے کی طرف سے شہریوں کی زمینوں پر قبضے کے سب سے زیادہ واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ انہی سرکلز میں ہاؤسنگ منصوبوں کی طرف سے زمین کی خریداری کئی سال سے جاری ہے۔ قبضہ مافیا کی معاونت کی شکایات اور طویل عرصے سے تعیناتی جیسے الزامات پر چار پٹواریوں مہرسرفراز، فلک شیر، جمشید اور عباس کو ہٹایا گیا تھا، بعد میں انہیں دوبارہ ان حلقوں کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ تاہم اب ضلعی انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر ان چاروں پٹواریوں سے اضافی چارج واپس لیتے ہوئے انہیں مستقل تعیناتی دے دی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ پٹواری کتنے طاقت ورہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارلحکومت کے11پٹواریوں کو ایک سرکل سے دوسرے سرکل میں تبدیل کیا گیا ہے۔ محمدشفقت پٹواری کو پٹوار سرکل سہالہ (ایڈیشنل چارج پھنگریل)سے موہڑہ نور، پٹواری مہرسرفراز کو ہمک (ایڈیشنل چارج ہرنوٹھنڈا پانی)سے پٹوار سرکل ہرنوٹھنڈا پانی کے ایڈیشنل چارج چراہ، پٹواری حاجی مختارکو پٹوار سرکل مغل سے پنڈپڑیاں کے ساتھ ایڈیشنل چارج نون، پٹواری فلک شیر کو پٹوار سرکل روات سے سہالہ کے ساتھ ایڈیشنل چارج بھمبرتراڑ، پٹواری ابرار کو کجناہ ایڈیشنل چارج سوہان سے کجناہ کے ساتھ ایڈیشنل چارج پٹوار سرکل جنڈالہ، پٹواری محمد جمشید خان کو پٹواری سرکل ترلائی کلاں ایڈیشنل چارج کری اور کنگوٹہ سیداں سے پٹوار سرکل کری ایڈیشنل چارج ترلائی کلاں پیجا، پٹواری عثمان ظہیر کو پٹوار سرکل چراہ سے روات کے ساتھ ایڈیشنل چارج بھنگریل جبکہ پٹواری محمد عباس کو پٹوار سرکل موہڑہ نور کے ساتھ ایڈیشنل چارج تمیر ، تحصیل آفس سے پٹوار سرکل تمیر ایڈیشنل پنڈبیگوال، پٹواری محمد سجاد کو تحصیل آفس سے موضع پاھگ کے ساتھ ایڈیشنل ترلائی خورد، پٹواری محمدمسکین کوپٹوار سرکل پنڈبیگوال سے پنڈملکاں کے ساتھ ایڈیشنل چارج کنگوٹہ سیداں جبکہ پٹواری خالد فاروق کو پٹوار سرکل پاھگ ایڈیشنل چارج ترلائی خورد سے لوہی بھیر تعینات کردیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment