پولیس مقابلے میں زخمی میاں بیوی جناح اسپتال کے اسپیشل وارڈ منتقل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس مقابلے کے دوران زخمی میاں بیوی کوجناح اسپتال کے اسپیشل وارڈ منتقل کردیا گیا ،ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے جناح اسپتال کا دورہ کرکے ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی سے ملاقات کی اور ان سے دونوں زخمیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی درخواست کی، جس پر ڈاکٹر سیمی جمالی نے انہیں اسپیشل وارڈ منتقل کرایا۔ ایس ایس پی علی رضا نے ڈاکٹر سیمی جمالی کے ہمراہ زخمی میاں بیوی کی عیادت کی، نجی کمپنی کے ملازم زخمی عدنان اور اس کی اہلیہ ثاقبہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ متاثرین نے ایس ایس پی کوگزشتہ رات کے واقعے سےآگاہ کیا، ثاقبہ 8ماہ کی حاملہ ہے،جس کا والد زرین خان سابق پولیس افسر ہے۔ ایس ایس پی علی رضا نے زرین خان سے فون پر بات کی، انہوں نے معاملہ داماد پر چھوڑ دیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment