دبئی(امت نیوز) بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی ایک ساتھ آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر ، ون ڈے کرکٹر اور مینز کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے، انہیں 2018ء سال کے دوران نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں ان اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ منگل کو آئی سی سی نے گزشتہ برس تینوں فارمیٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کیا، کوہلی نے تینوں بڑے ایوارڈز جیت کر نہ صرف میلہ لوٹ لیا بلکہ انہوں نے ایک ساتھ تینوں ایوارڈز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے، انہوں نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈز اپنے نام کئے، اس کے علاوہ انہوں نے مسلسل تیسری مرتبہ آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز اپنے نام کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 2018ء کے دوران کوہلی نے 13 ٹیسٹ میچز میں 5 سنچریوں کی بدولت 55.08 کی اوسط سے 1322 رنز بنائے اور ایک سال میں انہوں نے 14 ایک روزہ میچز میں 6 سنچریوں کی مدد سے 133.55 کی اوسط سے 1202 رنز بنائے اور 211 رنز ٹی ٹونٹی میچز میں بنائے۔