بھارت نے کیویز کو بھی قابو کرلیا

نیپیئر (اسپورٹس ڈیسک) بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں باآسانی 8 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ بھارتی ٹیم نے 158 رنز ہدف باآسانی 34.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارتی بائولرز کے سامنے کیوی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور اس کے چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، کپتان کین ولیمسن کے علاوہ کوئی بھی میزبان کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، کین ولیمسن نے 64 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلدیپ یادیو نے چار، محمد شامی نے تین، چاہال نے دو جبکہ جادھیو نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ شیکھر دھون ناقابل شکست 75 اور ویرات کوہلی 45 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ کیوی ٹیم کی طرف سے بریسویل اور فرگوسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارتی بائولر محمد شامی کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بدھ کو نیوزی لینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان مکلین پارک، نیپئر کے مقام پر میچ شروع ہوا تو نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم کی طرف سے مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ کیوی ٹیم کا آغاز کچھ خاص نہ تھا جب اس کے پہلے چار کھلاڑی 76 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

Comments (0)
Add Comment