برسبین (امت نیوز) آسٹریلین بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈکویلا کے علاوہ کوئی بھی آئی لینڈر بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتی چلی گئی، کینگروز بائولرز کی شاندار بائولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، ڈکویلا نے 64 رنز بنائے، آسٹریلیا نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنالئے اور اسکو سری لنکن اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 72 رنز کی ضرورت ہے، پیٹ کمنز نے چار، اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے جہی رچرڈ سن نے تین، مچل سٹارک نے دو جبکہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا کے مارکوس ہیرس 40 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ جمعرات کع برسبین میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان میچ شروع ہوا تو سری لنکن کپتان چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی طرف سے کرونارتنے اور تھریمانے اننگز کا آغاز کیا جو بہت مایوس کن تھا۔ کینگروز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی باعث سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی ڈکویلا کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز کینگروز بائولرز کے سامنے نہ کھڑا ہوسکا اور پوری ٹیم یکے بعد دیگرے خزاں رسان پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی۔ تھریمانے 12، چندیمل 5، کرونارتنے 24، مینڈس 14، ڈی سلوا 5، روشن سلوا 9، سرنگا لکمل 7، پریرا 1، ڈکویلا 64، چامیرا صفر پر آئوٹ ہوئے۔