اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سیّد اشفاق حسین نے کہا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) اسلام آباد میں نیشنل فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اگلے ماہ فروری میں منعقد ہونے والے پی ایف سی کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران منظوری لی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ’’میڈیا‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ گذشتہ روز وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ساتھ پی ایف ایف وفد کی ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اکیڈمی قائم کرنے کے خیال کی حمایت ظاہر کی ہے۔ وزیر اعظم فٹ بال کی ترقی اور منصوبہ بندی کے اقدامات جاننے کے خواہاں تھے کہ عوام کے کھیل کو فعال طور پر قومی سطح پر بنانے کیلئے فیفا اور اے ایف سی پاکستان میں حقیقی باڈی کی حمایت کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اسلام آباد میں اکیڈمی قائم کرنے کیلئے پی ایف ایف کیلئے تمام ممکنہ تعاون کا وعدہ کیا ہے۔