آکلینڈ(امت نیوز) بھارت نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 90 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم 324 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 40.2 اوورز میں 234 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ڈگ بریسویل کے سوا کیویز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، بریسویل نے 57 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، روہت شرما اور شیکھر دھون کی شاندار بیٹنگ کے بعد کلدیپ یادیو نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو مائونٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے، روہت شرما اور شیکھر دھون نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 154 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، دھون 66 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، روہت شرما نے 87 رنز کی اننگز کھیلی اور فرگوسن کی گیند کا شکار بنے، کوہلی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 43 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں بولٹ نے نشانہ بنایا، امباتی رائیڈو 47 رنز بنانے کے بعد فرگوسن کی گیند پر آئوٹ ہوئے، دھونی 48 اور کیدر جادھو 22 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔