سری لنکا کو آسٹریلیا کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست

برسبین(اسپورٹس ڈیسک) پیٹ کمنز کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 40 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، سری لنکن ٹیم دونوں اننگز کھیل کر بھی کینگروز کی پہلی اننگز 323 رنز کا سکور برابر نہ کر سکی، آئی لینڈرز دوسری اننگز میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، کمنز نے میچ میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں 10 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو برسبین ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 17 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو لاہیرو تھریمانے 6 رنز پر کھیل رہے تھے، آسٹریلوی بائولرز نے نپی تلی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر جم کر کھیلنے کا موقع ہی نہ دیا اور پوری ٹیم 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

Comments (0)
Add Comment