لاہور (امت نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز یکم فروری سے شروع ہوگئی جس میں حصہ لینے کیلئے قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے دو کرکٹرز آصف علی اور صاحبزادہ فرحان جنوبی افریقہ روانہ ہوگئے۔ دونوں کرکٹرز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے جو جنوبی افریقہ میں قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کریں گے۔قومی ٹیم کے اوپنرز امام الحق اور شان مسعود آخری ون ڈے میچ کھیل کر وطن واپس آئیں گے ،جبکہ آئی سی سی کی طرف سے معطلی کے باعث پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان جنوبی افریقہ میں ہی قیام کریں گے اور سرفراز احمد سوموار کی رات گئے وطن واپس پہنچیں گے ۔سرفراز کی غیر موجودگی میں آخری ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپی گئی ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف 16 رکنی قومی اسکواڈ کپتان شعیب ملک، فخر زمان، محمد حفیظ، آصف علی، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، فہیم اشرف، عماد وسیم، شاداب خان، حسین طلعت،حسن علی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شنواری پر مشتمل ہے۔