اسلام آباد (خبر ایجنسی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے کپتان سرفراز احمد پر چار میچوں کی پابندی لگائے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی سی بی سرفراز احمد کی پابندی کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ فورم میں اپیل دائر کرنے اور آئی سی سی کی جانب سے انصاف کے دوہرے معیار کے خلاف بھی آواز اٹھائے گا۔واضح رہے کہ 2007 میں بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے میچ کے دوران تلخ کلامی پر آسٹریلوی کھلاڑی اینڈریو سائمنڈز کو بندر کہا تھا۔ آئی سی سی نے ہربھجن سنگھ پر الزام ثابت ہونے پر بھارتی کھلاڑی پر تین میچوں کی پابندی لگائی تاہم ہربھجن سنگھ اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور آسٹریلوی کھلاڑی سے معافی مانگنا اپنی توہین سمجھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کے شدید رد عمل پر آئی سی سی کو ہربھجن سنگھ پر سے عائد پابندی ہٹانا پڑی۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے بھی یہی غلطی کی اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فیلوکیو پر نا مناسب فقرہ کسا تو آئی سی سی نے چوتھے ون ڈے میچ سے چند لمحے پہلے ان پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی۔سرفراز احمد نے جنوبی افریقی کھلاڑی سے معافی بھی مانگی اور دونوں بورڈز میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے تاہم اس سب کے باوجود آئی سی سی نے کپتان سرفراز احمد کے خلاف فیصلہ سنایا جو آئی سی سی کے انصاف کے معیار پر سوالیہ نشان ہے۔