کراچی(اسپورٹس رپورٹر) آئی سی سی کی پابندی کے شکار قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا سے وطن واپس پہنچ گئے۔ جہاں ایئرپورٹ پر سرفراز کا استقبال محلہ داروں نے کیا۔ذرائع کے مطابق سرفراز کے بھائی اپنے ساتھ محلے داروں بھی لے کر آئے۔ایئر پورٹ میں کم از کم دودرجن سے زائد پرستار موجود تھے۔جنوبی افریقی بیٹسمین پر دوران میچ نسلی تعصب پر مبنی جملے کسنے پر آئی سی سی نے سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کررکھی ہے جس کی وجہ سے انہیں پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز ادھوری چھوڑ کر وطن واپس لوٹنا پڑا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پابندی لگنے کے بعد سرفراز کو پہلی دستیاب فلائٹ سے پاکستان آنے کی ہدایت کی تھی، سرفراز احمد کراچی کے ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں موجود پرستاروں نے کپتان کے حق میں نعرے بازی سے ان کا استقبال کیا۔پرستاروں نے سرفراز احمد کے حق میں پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے اور وہ مسلسل کپتان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔