کراچی(اسپورٹس ڈیسک) پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستانی ٹیم کی ناکامی کا کریڈٹ بالرز کو نہیں بلکہ اس بار ایک فیلڈر کو ملا۔’’کلر‘‘ کے نام سے مشہور پروٹیز ہارڈ ہٹر بیٹسمین ڈیوڈ اینڈریو ملر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جنہوں نے اپنی شاندار فیلڈ کے ذریعے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فیلڈنگ کے دوران ڈیوڈ ملر نے چار کیچ پکڑے جبکہ دو کھلاڑیوں کو گیند اسٹمپ پر ہٹ کرکے رن آئوٹ کیا۔اس شاندار پرفارمنس پر میچ ریفری نے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا۔واضح رہے کہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ میں بھی ایسی مثال سامنے نہیں آئی۔ تاہم اس طرز کے کارنامے ون ڈے میچ میں ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔ ان سے سب سے نمایاں فلائینگ مین کے نام سے مشہور جنوبی افریقی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے پھرتیلے فیلڈر جانٹی رہوڈز ہیں۔